(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے صیہونی ریاست کو ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے اس دوران اسرائیل کو اپنا جواب جمع کرنا ہوگا۔
اسرائیل کے معروف عبرانی ٹی وی چینل 13 نے اپنی رپورت میں انکشاف کیا ہے کہ فلسطین پر قابض صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی )نے فلسطینیوں کے خلاف سنگین جنگی جرائم کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور اس ضمن میں عدالت نے اسرائیل کو سرکاری طورپر آگاہ کرتےہوئے ایک ماہ کی مہلت دی ہے اس دوران اسرائیل کو آئی سی سی میں اپنا جواب جمع کرانا ہوگا ۔
رپورت کے مطابق عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے صیہونی ریاست کو ڈیڑھ صفحے پر مشتمل نوٹس بھیجا گیا ہے جس میں اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین پر 2014ء میں کی جانے والی جارحیت ، فلسطینی علاقوں میں غیرقانونی بستیوں کی تعمیر اور محصور شہر غزہ پر 2018میں "گریٹ ریٹرن مارچ” کے نام سے احتجاج کرنے والے مظاہرین کو بے دریغ شہید کرنے پر جواب مانگا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطین میں صیہونی ریاست کی جانب سے جاری بے ترین جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے واضح ثبوت ہونے کے باعث عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے صیہونی ریاست کے اعلیٰ فوجی عہدیداروں اور حکمرانوں کو گرفتارکرنے کاحکم کسی بھی وقت جاری کیا جاسکتا ہے۔