(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ترکی کی وزارت خارجہ نے جمہوریہ چیک کے اس اقدام کو مقبوضہ بیت المقدس شہر کی حیثیت کو تباہ کرنے کی کوششوں کے خلاف قرار دیا جس سے تنازع فلسطین کے حل کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز ترکی کی وزارت خارجہ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں جمہوریہ چیک کے سفارتی دفتر کے کھولے جانے کےاعلان پر گہری تشویش کا اظہار کر تے ہوئے بیا ن جاری کیا گیا جس میں ترکی کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ جمہوریہ چیک کا یہ اقدام مقبوضہ بیت المقدس شہر کی حیثیت کو تباہ کرنے کی کوششوں میں معاون ثابت ہوگا اور اس سے تنازع فلسطین سے دیرینہ حل طلب مسئلے کے حل کی کوششیں مزید پیچیدگی کا شکار ہوں گی۔
اس حوالے سے ترکی وزارت خارجہ نےجمہوریہ چیک کے اس اقدام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے فلسطین و اسرائیل تنازعہ کے منصفانہ حل کا مطالبہ کیا ،جبکہ القدس کی تاریخی اور قانونی حیثیت کے مطابق تمام فیصلوں میں اس کی حرمت کی پاس داری کو اول درجہ پر رکھنے پر زور دیا۔