(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی ریاست کی انتظامی حراست کی پالیسی کے تحت احتجاجاً بھوک ہڑتالی کرنے والی قیدی بھی اللبدی کی حالت تشویشناک ہونے کے سبب اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اردن کی وزارت خارجہ کے ترجمان سفيان القضاة کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایاگیا ہے کہ صیہونی فوج کی جانب سے انتظامی حراست کے تحت صیہونی زندان میں قید اردنی شہری ھبہ اللبدی کی انتظامی قید کی پالیسی کے خلاف طویل بھوک ہڑتال کے باعث حالت تشویشناک ہونے کے سبب اسرائیل جیل حکام نے اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں اب ان کی حالت قدرے بہتر ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ھبہ کو گزشتہ روز اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ضروری طبی امداد کے بعد دوبارہ ان کو صیہونی جیل میں منتقل کردیا گیا ہے تاہم اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔
ھبہ اللبدی کے والد احمد اللبادی کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی ، 31 دن سے قابض ریاست کے غیر قانونی اقدام انتظامی حراست کے خلاف احتجاجاً بھوک ہڑتال پر ہے جس کے باعث اس کی صحت کو شدیدخطرات لاحق ہوگئے ہیں ۔
واضح رہے کہ اردنی شہری ھبہ اللبدی مقبوضہ بیت المقدس میں اپنے رشتے داروں کی شادی کی تقریب میں جارہی تھی اس دوران صیہونی فوج نے ان کو فیس بک پر صیہونی ریاست کے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کی پاداش میں گرفتار کرلیا تھا ۔