(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض صیہونی حکام نے حماس کے رہنما کو تین سال تک بغیر کسی جرم کے قید رکھنے کے بعد گزشتہ روز رہا کردیا۔
تفصیلات کےمطابق اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے رہ نما الشیخ نادر مصطفیٰ محمد صوافطہ کو مقبوضہ مغربی کنارے کے شہرطوباس سے قابض صیہونی حکام کی انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت 15 نومبر 2016ء کو حراست میں لیا گیا تھا ۔
صیہونی فوجی حکام نے نادر صوافطہ کو انتظامی حراست کے تحت گرفتار کرکے پہلے مرحلے میں چھ ماہ انتظامی قید کی سزا سنائی بعد زاں ان کی انتظامی حراست میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی گئی تھی اور دوسری بار انتظامی قید میں توسیع کی مدت ختم ہونے سے قبل ہی ان کی مدت حراست میں مزید چار ماہ کی توسیع کردی گئی تھی۔
واضح رہے کہ نادر صوافطہ پہلے بھی 15 سال تک صیہونی زندانوں میں قید کاٹ چکے ہیں اور اس دوران ان کے بچوں اور اہلیہ کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی تھی ۔