(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) بحرین کی طیارہ کمپنی گلف ائیر 3جون2021ء سے منامہ اور تل ابیب کے درمیان پروازیں چلائے گی۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بحرینی حکام کی جانب سے قومی فضائی کمپنی گلف ائیرنے 3 جون 2021ء سے صہیونی ریاست کے شہر تل ابیب کے لیے اپنی پہلی براہ راست پرواز کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد سے بحرین سے اسرائیل جانے والے طیارےکی نشستوں کی بکنگ شروع کردی گئی ہے۔
مزید معلومات کے مطابق یہ پروازیں ہفتے میں دو مرتبہ منامہ اور تل ابیب کے درمیان چلائی جائیں گی اورگلف ائیر اس روٹ پر اے 320 طیارے چلائے گی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے 15ستمبر2020 کووائٹ ہاوس میں بحرینی وزیرخارجہ عبداللطیف الزیانی کے ساتھ اس معاہد ہ ابراہیم پردستخط کیے تھےجبکہ اسرائیلی وزیراعظم نے بحرین کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید کے ساتھ الگ سے معاہدے پر دستخط کیے تھے، ان ممالک کے بعد سوڈان اور مراکش نے بھی اسرائیل کے ساتھ معمول کے سفارتی تعلقات استوار کرنے کا اعلان کیا تھا۔