(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) بٹی میک کولم نے صہیونی فوج کے ہاتھوں بچوں کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوجی امداد اسرائیل کو کسی فلسطینی کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے لیےاستعمال نہیں کی جائے گی۔
امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کی کانگریس رکن خاتون بٹی میک کولم نے گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین میں قابض فوج کے ہاتھوں 5 فلسطینی بچوں کی گرفتاری کی وڈیو جس میں اسرائیلی فوجی اہلکار چھوٹے چھوٹے نابالغ بچوں کو گرفتار کر کے فوجی گاڑیوں میں دھکیل رہے ہیں، شدیدالفاظ میں مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ فوج کا اس عمروں کے بچوں کو حراست میں لینا بالکل غلط اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ور زی ہے۔
صہیونی فوج کے ہاتھوں حراست میں لیے گئے فلسطینی بچوں پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ صہیونی بستی میں گھس کرسبزیاں توڑ رہے تھے۔
فلسطینی بچوں کی حراست کے حوالے سےکانگریس کی رکن نے مزید کہا کہ اسرائیل کو امریکی فوجی امداد اس لیے نہیں فراہم کی جاتی کہ وہ کسی فلسطینی کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے لیےاستعمال کی جائے۔
واضح رہے کہ امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کی رکن بٹی میک کولم نے اس سے قبل بھی کانگریس میں فلسطینیوں کے خلاف انسانی حقوق کی پامالیوں کے لئے اسرائیل کو جوابدہ بنانے کی کوششوں کی قیادت کی ہے۔