(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) امریکی کانگریس کے 64 اراکین نے امریکی وزیرخارجہ کو خط لکھاہے کہ ، "کانگریس کو مقبوضہ مغربی کنارے میں صیہونی ریاست کے ہاتھوں جاری فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری پر سخت تشویش ہے۔
تفصیلات کے مطابق 16 مارچ کو امریکی کانگریس کے 64ارکان نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو لکھے گئے خط میں مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں صیہونی حکام کے ہاتھوں فلسطینیوں کے مکانات کی جبری مسمار ی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مشرقی بیت المقدس، مغربی کنارے اور فلسطین کے دوسرے علاقوں میں یہودی آباد کاری اور فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری روکنے کےلیے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں ۔
واضح رہے کہ صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں جن میں وادی حمص اور صور باھر خاص طورپر شامل ہیں میں فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔