(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا اسرائیل کی نسل پرستانہ اقدامات میں ساتھ دیکر بین القوامی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے ، الفاظ کے ہیر پھیر سے امریکا فلسطینیوں سے اپنی دشمنی پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔
رام اللہ میں وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں اسرائیل میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈ مین کے الخلیل شہر سے متعلق بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکی سفیر کا بیان اسرائیل کے انتہا پسند اور دائیں بازو کے مذہبی نظریات کی حمایت کی عکاسی کرتا ہے، امریکا اور اسرائیل کی موجودہ پالیسی توسیع پسندانہ، استعماری اور نسل پرستانہ ہے جس میں فلسطینی قوم کے حقوق کو دانستہ طورپر پامال کیا جا رہا ہے، اسرائیل کے ساتھ امریکہ بھی ان جرائم میں برابر کا شریک ہے ۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جب امریکا آزادی اور حریت کی بات کرتا ہے تو اس کی مراد فلسطینیوں کی آزادی نہیں بلکہ اسرائیل کو استعماری اور نسل پرستانہ جرائم کی آزادی دینا ہے، الفاظ کے ہیر پھیر سے امرکی انتظامیہ کی فلسطینیوں سے نفرت اور دشمن نہیں چھپ سکتی۔