(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غیرملکی خبر رساں ادارے نےاپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور فلسطین پر قابض صیہونی ریاست اسرائیل کے درمیان تیل پائپ لائن معاہد بحیرہ احمر کے نایاب کورل ریف یا مرجان کی چٹانوں کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا جو ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتے ہوئے سمندری حیات کو بھی خطرے سے دوچارکرے گا۔
گذشتہ سال متحدہ عرب امارات اور صیہونی ریاست کے درمیان سفارتی تعلقات کے معاہدے پر دستخط کے بعد اسرائیل نے امارات کے ساتھ خام تیل کی فراہمی کیلئے ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت امارات سے خام تیل اسرائیل کی ايلات بندرگاہ لایا جائے گا، اس معاہدے پر خود اسرائیل کے ماہرین ماحولیات نے اپنے تحفظات کا اظہا رکیا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ايلات بندرگاہ جہاں یہ خام تیل امارات سے لایا جائے گامرجان کی چٹانوں کی بڑی تعداد یہاں موجود ہے اور اگر کسی بھی قسم کی آئل کی لیکج ہوتی ہے اس صورت میں تیل پانی میں ملتا ہے تو اس سے ماحولیاتی آلودگی میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کورل ریف پہلے ہی خطرے سے دوچار ہے اور بار بار بڑے پما نے پر بلیچینگ سے بری طرح متاثر ہوئی ہیں جس نے دنیا میں موجود دو تہائی حصے کو نقصان پہنچایاہے۔