(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اردن نے صیہونی وزیراعظم کے مقبوضہ بیت المقدس میں ساڑھے تین ہزار مکانات کی تعمیر کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیت المقدس میں یہودی آباد کاری اشتعال انگیزی اور ورزی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی توہین ہے۔
اردنی وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے ایک بیان میں صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں ساڑھے تین ہزار مکانات کی تعمیر کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ صہیونی ریاست کو مقبوضہ بیت المقدس اور دوسرے فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر اور توسیع سے روکے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں دیر پا قیام امن کے لیے مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل ضروری ہے اور اسرائیل کی طرف سے یہودی بستیوں کی تعمیر اور توسیع نہ صرف بین الاقوامی قراردادوں کی توہین ہے بلکہ ان اقدامات سے خطے میں پائیدار امن کی مساعی تباہ ہو رہی ہیں۔
الصفدی نے خبردار کیا کہ فلسطین میں یہودی آباد کاری کے سنگین مضمرات سامنے آئیں گے جن کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا پر مرتب ہوسکتےہیں، انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین میں یہودی آباد کاری کے منصوبوں پرعمل درآمد سے روکیں۔