(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ترک صدر نے کہا ہے کہ فلسطین کے حوالے سے ہمارا موقف وہی ہے جو خلافت عثمانیہ کےآخری فرمانروا سلطان عبدالحمید دوم کا تھا، القدس پر فلسطینی قوم اور مسلمانوں کا حق ہے اور اسے کسی قیمت پر فروخت نہیں کیا جاسکتا۔
ترکی کی نیوز ایجنسی ‘اناطولیہ’کے تحت میڈیا انعامات کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ منصوبے کو اسرائیلی ریاست کا تیار کردہ منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ القدس برائے فروخت نہیں ہے القدس پر صرف فلسطینی قوم اور مسلمانوں کا حق ہے اور اسے کسی قیمت پر فروخت نہیں کیا جاسکتا۔
انھوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت یہ نہیں کہہ سکتی ‘آپ یہ علاقے ہمارے لیے خالی کردیں اور ہم سے اس کےعوض یہ لے لیں’انھوں نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے تیار کردہ نام نہاد امن منصوبہ درحقیقت صیہونی دماغوں کا تیار کردہ منصوبہ ہے جس کا مقصد ارض فلسطین پر صہیونیوں کا قبضہ مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کے حوالے سے ہمارا موقف وہی ہے جو خلافت عثمانیہ کے آخری فرمانروا سلطان عبدالحمید دوم کا تھاوقت کے ساتھ اس میں کسی بھی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔