مقبوضہ بیت المقدس -(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ بیت المقدس کے مشرق میں واقع الخان الاحمر گاؤں کے قرب و جوار میں یہودی آباد کاروں اور قابض اسرائیل کی افواج کے حملے کے نتیجے میں دو نوجوان زخمی جبکہ چار گرفتار ہو گئے ہیں۔
القدس گورنری نے اطلاع دی ہے کہ ایک یہودی آباد کار نے موٹر سائیکل کے ذریعے دو نوجوانوں کو ٹکر مار کر زخمی کر دیا، جبکہ ایک دوسرے آباد کار نے گاؤں کے نوجوانوں پر مرچوں والی گیس (پیپر سپرے) کا چھڑکاؤ کیا۔
گورنری نے وضاحت کی کہ جب مقامی شہریوں نے یہودی آباد کاروں کی جانب سے گاؤں سے بھیڑیں چوری کرنے کی کوشش کو ناکام بنانے کی کوشش کی تو قابض فوج نے گاؤں پر دھاوا بول دیا اور چار نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔
یہ مسلسل حملے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں اور ان کی املاک کے خلاف یہودی آباد کاروں کے تشدد میں اضافے کی عکاسی کرتے ہیں، جو کہ مسلسل دھاووں اور حملوں کے سائے میں ہو رہے ہیں۔
فلسطینی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ مغربی کنارے کے شہروں، دیہاتوں اور قصبوں میں یہودی آباد کاروں کی ملیشیاؤں کے خلاف محاذ آرائی اور مزاحمت کو تیز کیا جائے اور ان کے حملوں کا بھرپور جواب دیا جائے۔