(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی سفیر نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کو بچوں کے خلاف مجرمانہ اقدامات انجام دینے والی غاصب صیہونی حکومت کا نام انسانی حقوق کو پامال کرنے کے سنگین جرائم کی لسٹ میں درج کرنا چاہیے۔
اطلاعات کے مطابق فلسطینی سفیر ریاض منصور نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے آن لائن اجلاس میں قابض صیہونی ریاست کے نام کو انسانی حقوق پامال کرنے کے سنگین جرائم کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
انھوں نے صہیونی زندانوں میں قید بےگناہ فلسطینوں کے ساتھ ساتھ بچوں پرڈھائے جانے والے ظلم کا حوالہ دیتے ہوئےکہا کہ فلسطینی بچوں کے خلاف تسلسل اور مستقل بنیادوں پر انجام پانے والے جرائم اور فلسطینی نسل کو نشانہ بنانے والی غیراخلاقی پالیسیوں کے سبب غاصب صیہونی ٹولے کو بلیک لسٹ کیا جائے۔
اجلاس میں شامل عرب لیگ کے سربراہ ابو الغیظ نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عرب لیگ کا خیال ہے کہ غرب اردن کے علاقوں کو ہتھیائے جانے سے علاقائی امن و صلح کے لئے خطرات پیدا ہو جائیں گے اور یہ اقدام انتہا پسندی کی آگ کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔واضح رہے کہ سلامتی کونسل کا یہ اجلاس فلسطین کی صورتحال بالخصوص مغربی کنارے کے بعض علاقوں کو مقبوضہ علاقوں میں شامل کرنے والے صیہونی منصوبے کا جائزہ لینے کے لئے بلایا گیا تھا۔