(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی تعلیمی اداروں پر صیہونی فورسز کے بلا جواز حملوں پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی قابل افسوس اور تشویشناک ہے۔
غزہ میں فلسطین انٹرنیشنل کونسل کے سربراہ باسم نعیم نے فلسطینی تعلیمی اداروں پر صیہونی فوج کی جانب سے بلا جواز حملوں اور اس کے نتیجے میں زخمی ہونے والے متعدد طلباء طالبات ، استاتذہ اور عام شہریوں کے زخمی ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف صیہونی افواج کی کارروائیاں تو جاری تھی اور اب تعلیمی اداروں پر بھی بلا جواز حملے جاری ہیں جو انتہائی تشویشناک ہے جبکہ قابض ریاست اسرائیل کے غیر انسانی اقدامات پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے۔
واضح رہے کہ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں قابض فوج نے اتوار کے روز بھی اسکولوں پر انسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں درجنوں طلباء طالبات ، اساتذہ اور دیگر شہری دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے ، فلسطینی علاقوں میں قائم اسکولوں میں صہیونی فوج کے حملے روز کا معمول بن چکے ہیں، طلباء پرحملے انہیں خوف زدہ کرنے اور ان پر رعب ڈالنے کی مذموم کوشش ہے۔