(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسماعیل ھنیہ نے لبنانی حکومت اور عوام سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی قوم اور ان کی جماعت اپنے لبنانی بہن بھائیوں کے ساتھ ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں صیہونی مظالم کے خلاف مسلح مزاحمت کرنے والی اسلامی تحریک حماس کی سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے لبنان کے شہر بیروت کی بندرگاہ پر تباہ کن دھماکوں پر لبنانی حکومت اور عوام سے اظہار تعزیت کیا۔
اسماعیل ھنیہ نے لبنان کے صدر مشعل عون، لبنان کے وزیر اعظم حسن دیب اور لبنانی پارلیمینٹ کے اسپیکر نبیہ بری الگ الگ فون کر کے بدترین نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے افسوسناک دھماکے کا نشانہ بننے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
واضح رہے کہ منگل کے روز لبنان کا دارالحکومت بیروت دو زبردست دھماکوں سے لرز اٹھا ، جس اب تک کی اطلاعات کے مطابق 135 سے زائد افراد جاں بحق اور پانچ ہزار سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں جبکہ عالمی اداروں کی جانب سے نقصان کا اندازہ پانچ ارب ڈالر سے بھی زیادہ لگایا گیا ہے ۔