(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ترک صدر طیب ایردوآن نے حماس کے سربراہ کو غزہ میں انتظامیہ کو کورونا سے نمٹنے میں ہرممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ اورترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے ، دونوں رہنماؤں نے کورونا وائرس سے نمٹنے اور عالمی وباء کے خلاف مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ترک صدر طیب ایردوآن نے غزہ کی پٹی میں انتظامیہ کو کرونا سے نمٹنے میں ہرممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں 182 ممالک میں کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ 2 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد اس سے متاثر ہیں ، سب سے زیادہ ہلاکتیں چین، اٹلی، ایران، اسپین، جنوبی کوریا، فرانس، جرمنی اور امریکا میں ہوئی ہیں۔