(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) گذشتہ 14 سالوں سے اسرائیل کے غیر قانونی محاصرے کا شکار مقبوضہ فسلطین کے 365 کلو میٹر پر محیط محصور شہر غزہ میں 22 لاکھ 50 ہزار سے بھی زائد افراد رہائش پزیر ہیں۔
فلسطینی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق قابض صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے گذشتہ 14 سالوں سے معاشی ناکہ بندی کے شکار مقبوضہ فلسطین کا محصور شہر غزہ دنیا کا سب سے گنجان آباد شہر ہے جہاں آبادی کے ساتھ ساتھ غربت میں بھی تیزی سے آضافہ ہورہا ہے، قابض ریاست کی جانب سے جاری طویل ترین معاشی ناکہ بندی کے باعث غزہ کی 22 لاکھ کی آبادی میں 10 لاکھ افراد بے روزگار ہیں جبکہ 20 فیصد افراد غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی گزار رہےہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں سال 2020ء کے آخر تک فلسطینی آبادی 22 لاکھ 54 ہزار سے تجاوز کرگئی ہےجس میں مردوں کی تعداد کل آبادی کا 50 اعشاریہ 7 فی صد اور خواتین کا تناسب 49 اعشاریہ 3 فی صد ہے۔ غزہ میں مرد 11 لاکھ 43 ہزار ہیں جب کہ خواتین 11 لاکھ 10 ہزار ہیں۔