(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) عبرانی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی آبدوز خلیج فارس تک گئی جس کا مقصد ایران کو واضح پیغام دینا ہے کہ اسرائیل کیلئے خلیج فارس تک پہنچنا مشکل نہیں ہے۔
صیہونی ریاست کے معروف عبرانی اخبار نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے اسرائیل کی "ڈولفن” آبدوز مصری حکام کی اجازت کے بعد نہر سویز سےگذرتے ہوئے خلیج فارس کے قریب پہنچ گئی، اسرائیلی آبدوز کے اس اقدام کو27 نومبر کو ایرانی جوہری سائنسدان محسن فخری زادہ کے قتل کےبعد "تل ابیب” اور تہران کے مابین کشیدگی کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے ۔
ذرائع ابلا غ نے صیہونی عسکری ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ خلیج فارس تک اسرائیلی آبدوز کی موجودگی ایران کیلئے ایک واضح پیغام ہے کہ اسرائیل کیلئے نہر سویز میں داخل ہونا اور اس کے بعد خلیجی پانیوں میں پہنچنا مشکل نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی سائنسدان کے قتل کےفورا بعد ہی تہران نے "تل ابیب” سے انتقام لینے کا عزم کیا تھا، ایران نے الزام عاید کیا تھا کہ اس کےجوہری سائنسدان کے قتل میں صہیونی دشمن ریاست ملوث ہے۔