(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض ریاست اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر زندگی تنگ کرنے کا کوئی موقع ضائع نہیں کیا جاتا ، قابض صہیونی ریاست نے فلسطین کے محصور شہر غزہ کے قریب قائم اسرائیلی ڈیموں کا منہ اچانک اور غیر اعلانیہ کھول دیا ،اسرائیلی آبی دہشت گردی کے نتیجے میں 920 دونم زرعی رقبہ تباہ ہوگیا،شہد کے 100 تہارک بکٹ پانی میں بہہ گئے جبکہ پولٹری فارم اور ان میں موجود ہزاروں مرغیاں ہلاک ہوئیں۔
صیہونی ریاست کی آبی جارحیت کے نتیجے میں سبزیوں کےکھیتوں کے علاوہ پولٹری فارمز ، شہد کےلیے بنائے گئے باغات کے ساتھ ساتھ عوامی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کا تخمیہ نصف ملین ڈالر سے زائد لگایا جارہا ہے۔
فلسطینی وزارت زراعت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض ریاست نے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے بلا جواز غزہ کے قریب تعمیر ڈیموں کا منہ کھول دیا جس کا واضح مقصد فلسطینیوں کی املاک کی تباہی کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر تباہ کرنا ہے ، اسرائیلی ڈیموں سے خارج ہونے والے بے تحاشہ پانی نے بڑے پیمانے پرفصلیوں کوتباہ کیاہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتوں کے دوران ہونے والی شدید بارشوں کے بعد کے صہیونی ریاست کے ڈیمز پانی سے بھر گئے تھے اور اس کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کیلئے انھوں نے فلسطینیوں کا انتخاب کیا، ایک اندازے کے مطابق اسرائیلی آبی جارحیت سے نصف ملین ڈالر کا نقصان ہوا ہے جبکہ نقصان کا مزید جائزہ لیا جارہا ہے ۔