(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی ریاست نے غزہ میںاشیائے ضروریہ کی ترسیل کی واحد گزرگاہ کرم ابو صالم کو بند کردیا ہے جس کے باعث غزہ میں ضروریات زندگی کی تمام اشیاء کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
غزہ کی صدارتی کمیٹی برائے فراہمی سازوسامان و عمومی انتظامیہ نے صیہونی ریاست کی جانب سے جاری نوٹیفیکش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ سے اسرائیل میں آتشگیر غباروں سے ہونے والی بڑی تباہی کے ردعمل میں صیہونی ریاست نے غزہ میں اشیائے ضروریہ کی ترسیل کی واحد گزرگاہ کرم ابو سالم کو بند کردیا ہے۔
صیہونی ذرائع ابلاغ نےالزام عائد کیا ہےکہ غزہ سے چھوڑے گئے آتشگیر غباروں اور پتنگوں سے اسرائیل میں اریز بارڈر کے قرب و جوار میں زرعی اراضی سمیت تیس مختلف مقامات پر آگ لگی جس کے باعث صیہونی ریاست کو ہزاروں شیکل کانقصان ہوا ہے۔
صیہونی ذرائع ابلاغ نے فلسطینیوں کی آتشگیر پتنگوں اور غباروں سے ہونے والے نقصانات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ سے بھیجے جانے والے آتشگیر غباروں اور پتنگوں سے اسرائیل کو لاکھو ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔
واضح رہے کہ جولائی 2018 میں اسرائیلی سرکاری ریڈیو کی جانب سےجاری ایک رپورٹ میں اعتراف کیا گیا تھا کہ فلسطینیوں کی آتشگیر پتنگوں اور غباروں سے صیہونی بستیوں میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں اب تک ڈھائی ملین ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔ تین ماہ کے دوران غزہ سے ارسال کی جانے والی آتشگیر پتنگوں اور غباروں نے صیہونیوں کی پانچ سو سے زائد ایکڑ زرعی اراضی کو بھی جلا کرراکھ کردیا تھا ۔