(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اردن نے قابض صیہونی ریاست اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے معاملات میں دخل اندازی بند کرے اور اس مقدس شہر کے تقدس کا احترام کرے۔
اردن کی وزارت برائے امور خارجہ اور تارکین وطن کی جانب سے جاری بیان میں قابض ریاست کو خبردار کرتےہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیل مقبوضہ بیت المقدس کے تاریخی اور قانونی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی عمل سے باز رہے اور بیت المقدس کے محکمہ اوقاف کے قوانین کا احترام کرے۔
واضح رہے کہ غیر ملکی خبررساں اداروں اور صیہونی ریاست کے ذرائع ابلاغ نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی حکام مسجد اقصیٰ کے نیچے ہیکل سلیمانی کی تلاش کے نام پر زیرزمین کھدائی جاری رکھے ہوئے ہیں اس کے علاوہ مسجداقصیٰ کےامور میں مداخلت اور محافظوں سمیت عبادت گزاروں کی گرفتاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔