(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) غرب اردن پر صہیونی ریاست کی عملداری پر اپنے ردعمل میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم فلسطینی اراضی پر اسرائیلی قبضے اور توسیع پسندانہ اقدامات کو مسترد کرچکی ہے اسرائیل فلسطینی اراضی پر یہودی کالونیوں کی تعمیر جاری رکھ کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور امن کے مواقع برباد کررہا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل یوسف بن العثیمین نے غرب اردن پر صہیونی ریاست کے ناجائز قبضے کی ایک بار پھر شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ، انھو ں نے اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کے رکن ممالک سمیت اقوام متحدہ، یورپی یونین، روس اور امریکا پر مشتمل بین الاقوامی چاررکنی کمیٹی کے اراکین کو خطوط ارسال کیے ہیں جس میں انہوں نے غرب اردن کا اسرائیل سےالحاق روکنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرنے اور اسرائیل پر فلسطینی علاقوں پرقبضے کے پروگرام کو منسوخ کرنے کے لیےدباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا۔
انھوں نے کہا ہےکہ اسلامی تعاون تنظیم فلسطینی اراضی پر اسرائیلی قبضے اور توسیع پسندانہ اقدامات کو مسترد کرچکی ہے اور فلسطینی اراضی پر یہودی کالونیوں کی تعمیر جاری رکھ کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور امن کے مواقع برباد کررہا ہے۔
انہوں نے فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان بات چیت کے عمل کو آگے بڑھانے عالمی برادری کی زیرنگرانی امن بات چیت شروع کرنے اور تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔