(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) جرمنی کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ برلن کو مشرقی بیت المقدس میں اسرائیل کی توسیع پسندانہ سرگرمیوں پر شدید تشویش ہے۔
جرمنی کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں تین ہزار پانچ سو یونٹس پر مشتمل نئی یہودی بستی کی تعمیر کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اسرائیل سے فوری تعمیراتی کام کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جرمنی کو اسرائیل کی توسیع پسندانہ سرگرمیوں پر شدید تشویش ہے، اسرائیل کا مشرقی بیت المقدس میں ‘سیکٹر ای ون’ میں یہودی بستیوں میں توسیع کا اعلان بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، شرقی بیت المقدس میں سیکٹر ای ون میں یہودی آباد کاری کے نتیجے میں غرب اردن اور القدس ایک دوسرے سے کٹ کررہ جائیں گے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نتین یاھو نے مشرقی بیت المقدس میں 3500 مکانات کی تعمیر کی منظوری دی ہے اور ساتھ ہی اس منصوبے پر جلد از جلد عمل درآمد شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔