(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی وزارت صحت نے صیہونی ریاست کی دہشتگردی کی تازہ تفصیلات جاری کی ہیں، جس کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے مختلف علاقوں میں غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 51 فلسطینی شہید اور 115 زخمی ہوگئے ہیں۔
وزارت نے اپنے روزانہ بیان میں وضاحت کی کہ اب بھی متعدد لاشیں ملبے تلے اور سڑکوں پر پڑی ہوئی ہیں، جن تک طبی امدادی ٹیمیں اور سول ڈیفنس کے اہلکار پہنچنے سے قاصر ہیں۔
بیان کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 سے جاری غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں اب تک مجموعی شہادتوں کی تعداد 52,243 جبکہ زخمیوں کی تعداد 117,639 تک پہنچ چکی ہے۔
وزارت نے مزید بتایا کہ شہداء کی مجموعی تعداد میں 697 نئے افراد کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جن کے بارے میں مکمل معلومات حاصل ہونے کے بعد عدالتی کمیٹی نے ان کی شہادت کی تصدیق کی۔
وزارت کے مطابق، 18 مارچ 2025 سے لے کر اب تک کے عرصے میں شہداء کی تعداد 2,151 اور زخمیوں کی تعداد 5,598 رہی ہے۔
غزہ کی پٹی میں دو ماہ کی عارضی جنگ بندی کے بعد دوبارہ شروع کی گئی غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نسل کشی کو آج 42 واں دن ہے۔ اس دوران عالمی برادری کی مجرمانہ غفلت، لاپرواہی اور مسلم و عرب دنیا کی خاموشی کے سائے میں مزید درجنوں فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔
شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیا کے مغرب میں صیہونی گولہ باری کے باعث کئی شہری زخمی ہوئے۔ ادھر، غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج نے کچھ فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا، جنہیں خان یونس کے یورپی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ رہائی پانے والوں میں یوسف حاتم ابو طبیخ، زاہدی عبدالسلام البراوی، عبدالہادی المقید، یوسف شہر ابو عودہ، وسیم حسام شلہ، نصر سامی عویدہ، علیان جمال وارش آغا، احمد محمد التابش، وائل طلال ابراہیم، محمد عوض ابو عمرہ اور سیف الدین صلاح بحار شامل ہیں۔
خان یونس کے مشرق میں واقع عبسان الکبیرہ پر ہونے والے ایک اسرائیلی فضائی حملے میں چار بچے زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق، صیہونی طیاروں نے ان بچوں کی سائیکل کو نشانہ بنایا جس پر وہ آٹے کا تھیلا لے جا رہے تھے تاکہ اپنے خاندان کو کھانا فراہم کر سکیں۔
اسی صبح، وسطی غزہ کی پٹی میں مغازی پناہ گزین کیمپ پر کیے گئے ایک حملے میں ایک لڑکی شہید ہو گئی۔ الزوائدہ قصبے میں واقع ابو ستہ اسٹریٹ پر زرعی زمین پر ہونے والی بمباری میں پانچ شہری زخمی ہوئے۔
رفح شہر کے مشرقی علاقے میں بھی صیہونی فضائی حملہ کیا گیا، جبکہ غزہ شہر کے مشرق میں التفاح اور الشجاعیہ محلوں اور وسطی غزہ میں البریج کیمپ کے شمال مغرب میں گولہ باری کی گئی۔ ان علاقوں میں شدید فائرنگ کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
شمالی غزہ میں جبالیہ کیمپ کے مغرب میں الطیب ہال کے قریب، ابو مہدی خاندان کے گھر پر کی گئی بمباری میں دس فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اسی طرح، غزہ شہر کے شمال مغرب میں واقع مغربی الکرامہ کے علاقے میں الغماری خاندان کے گھر کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں سات شہری شہید ہو گئے۔
خان یونس کے مغرب میں واقع الشافعی کیمپ میں بے گھر افراد کو پناہ دینے والے ایک خیمے پر کی گئی بمباری میں مزید دو فلسطینی شہید اور دیگر زخمی ہو گئے۔