(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج نے غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں درجنوں معصوم فلسطینی شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
طبی ذرائع کے مطابق، غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں کی وجہ سے 87 سے زائد شہری شہید ہوگئے ہیں، اور کئی افراد ملبے تلے دب گئے ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ غزہ کے یورپی اسپتال میں 34 شہداء کی لاشیں لائی گئیں، جبکہ ناصر اسپتال میں پانچ مزید شہداء کی لاشیں منتقل کی گئیں۔ خان یونس اور رفح میں غیر قانونی صیہونی فوج کے فضائی حملوں کے نتیجے میں 50 فلسطینی شہید ہوئے، بمباری کے اس تشویشناک نتیجے میں کئی خاندان مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔
آج صبح غیر قانونی صیہونی جنگی طیاروں نے غزہ کے شمالی علاقے بیت لاہیا میں ابو حلیم خاندان کے گھر پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے۔ اسی طرح، بیت لاہیا میں الدعور خاندان کے گھر پر بمباری کی گئی، جس میں متعدد افراد شہید ہوئے، کچھ زخمی اور دیگر لاپتہ ہوگئے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق، جمعرات کی صبح رفح کے شمالی علاقے الظہور محلے میں ایک اسرائیلی ہیلی کاپٹر نے بے گھر افراد کے خیمے پر بمباری کی، جس میں کئی شہری شہید اور زخمی ہوئے۔ غیر قانونی صیہونی فوج نے غزہ کے شمالی علاقے بیت لاہیا میں ابو نصر کے خاندان کے گھر پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد شہید ہوئے اور دیگر زخمی ہوئے۔
جنوبی غزہ کے رفح شہر کے شمال میں واقع مصباح کے علاقے میں جبر خاندان کے گھر پر بمباری سے کم از کم 10 شہری شہید ہوگئے۔ خان یونس کے مشرقی علاقے الفخاری میں بھی اسرائیلی جنگی طیاروں نے بمباری کی، جس کے نتیجے میں العمور خاندان کے دو افراد کی لاشیں ملبے سے نکالی گئیں۔
غزہ کے دیگر علاقوں میں بھی متعدد شہریوں کی شہادت کی اطلاعات ہیں، جیسے کہ ابو دقہ خاندان کے گھر پر بمباری کے نتیجے میں 12 شہری شہید ہوگئے۔ خان یونس کے مشرقی علاقے معن میں غیر قانونی صیہونی فوج نے کھانے کے گودام اور عبادت گاہ کے ارد گرد بھی بمباری کی۔
18 مارچ بروز منگل سے غیر قانونی صیہونی فوج نے غزہ پر دوبارہ جارحیت شروع کی ہے، جس کے دوران ایک دن میں تقریباً 500 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔ ان شہداء میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔