(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) دنیا کا کوئی قانون کشمیر کی حیثیت نہیں بدل سکتا، کشمیر کشمیری عوام کا ہے اور کشمیری عوام بھارت سے آزادی لے کر ہی دم لیں گے۔ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے بعد آئینی دہشت گردی کشمیری عوا م کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم نہیں کر سکتی۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنما ؤں کا یوم استحصال کشمیرپر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سرپرست اراکین بشمول جماعت اسلامی کے مسلم پرویز، پاکستان مسلم لیگ (ف) کے رہنما سردار رحیم، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق اراکین سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، میجر (ر) قمر عباس،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے علامہ باقر زیدی، جمعیت علماء پاکستان کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی، جمعیت علماء اسلام کے رہنما قاری عثمان، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما سید طارق حسن، پاکستان مسلم لیگ نواز کے پیرزادہ ازہر علی ہمدانی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ارشد نقوی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی، عرم بٹ، عوامی نیشنل پارٹی کے یونس بونیری، شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ ناظر تقوی، آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان قادری، جعفریہ الائنس پاکستان کے رہنما شبر رضا، متحدہ علماء محاذ کے رہنما علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ آمین انصاری، علامہ عبد الخالق فریدی، پائیلر کے چیئر مین کرامت علی، سابق صدر کراچی بار ایسوسی ایشن نعیم قریشی، کشمیری رہنما بشیر سدوزئی، ہیومن رائٹس کونسل کے صدر جمشید حسین، خاتون سماجی رہنما ریحانہ عزیز، نسرین میمن، عبد الوحید یونس، قاری ادریس، ظفر علی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے پانچ اگست یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ دنیا کا کوئی قانون کشمیر کی حیثیت نہیں بدل سکتا، کشمیر کشمیری عوام کا ہے اور کشمیری عوام بھارت سے آزادی لے کر ہی دم لیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر ی عوام اپنے حقوق کی بازیابی کی جدوجہد کر رہے ہیں اور ہماراسیاسی واخلاقی فریضہ ہے کہ کشمیری مظلوم عوام کی پشت پناہی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے بعد آئینی دہشت گردی کشمیری عوا م کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم نہیں کر سکتی۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے ظلم وتشدد کو روکنے کے لئے عمل اقدامات کئے جائیں اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادں پر عمل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بھارت کی ہٹ دھرمی اور ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیر کے ساتھ ہیں اور کشمیری عوام کے حقوق اور آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بہ شانہ ہیں۔