(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) یورپی یونین نے کہاہے کہ ”ہم مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں آبادکاری کی توسیع کی اسرائیلی پالیسیوں کی سخت مخالفت کرتے ہیں، اس سے جہاں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہوتی ہے وہیں دو ریاستی حل کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔”
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے میں صہیونی آباد کاروں کے لیے تین ہزار مکانات کی تعمیر کی مخالفت کر تے ہوئے جرمنی اور یورپ کے دیگر گیارہ ممالک نے 28 اکتوبر جمعرات کے روز اسرائیل کو متنبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے پر یہودی آباد کاروں کے لیے بستیوں کی تعمیر کے اپنے منصوبے کو روک دے۔
اس حوالے سے بیلجیئم، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، ہالینڈ، ناروے، پولینڈ، اسپین اور سویڈن کی وزارت خارجہ نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے، جس میں فلسطین کے تمام مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی جانب سے تعمیراتی کاموں کی مخالفت کی گئی ہے۔
اس بیان میں مزید کہا گیاہے کہ ”ہم مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں آبادکاری کی توسیع کی اسرائیلی پالیسیوں کی اپنی سخت مخالفت کا اعادہ کرتے ہیں۔ اس سے جہاں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہوتی ہے وہیں اس سے دو ریاستی حل کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔”
واضح رہے کہ اسرائیل کے مغربی کنارے میں صہیونی آباد کاری کے اقدام پر جرمنی سمیت بارہ یورپی ممالک نےتشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ امریکانے پہلے ہی اس منصوبے پر عمل درآمد کی صورت میں اسرائیل سے تعاون نہ کرنے کا اعلان کر دیاہے۔