(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) نیڈ پرائس نے کہا کہ اسرائیل کے نئی آبادکاری کے فیصلے کے باعث حالات میں مزید کشیدگی اور تناؤ پھیلنے کے امکانات واضح ہیں جو امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کا پیش خیمہ ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صہیونی ریاست اسرا ئیل کے مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی آباد کاری میں اضافے کے فیصلے کے بعد امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نےاپنی نیوز بریفنگ میں کہا ہے کہ امریکہ کو اسرائیل کے اس فیصلے کے حوالے سے گہری تشویش ہے اور امریکہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی توسیع کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے نئی آبادکاری کے فیصلے کے باعث حالات میں مزید کشیدگی اور تناؤ پھیلنے کے امکانات واضح ہیں جو امن کی کوششوں کے مکمل طور پر خلاف ہیں اور دو ریاستی حل کے امکانات کو نقصان پہنچانے کا پیش خیمہ ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان واشنگٹن کی حمایت سے ہونے والے امن مذاکرات 2014 میں ختم ہوگئے تھے، جن میں زیادہ تر ممالک اسرائیل کی مغربی کنارے میں آباد کاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہیں۔