مقبوضہ مغربی کنارہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی افواج نے آج جمعرات کی علی الصبح مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں اور حملوں کے دوران چار فلسطینی خواتین کو گرفتار کر لیا ہے۔
قابض فوج نے رام اللہ کے شمال میں واقع قصبہ دیر غسانہ پر دھاوا بولا اور صبا نزيه البرغوثی نامی خاتون کے گھر کی تلاشی لینے اور توڑ پھوڑ کرنے کے بعد انہیں حراست میں لے لیا۔
اسی طرح قابض افواج نے طوباس کے جنوب میں واقع قصبہ طمون پر حملہ کر کے شہید ودیع بنی عودہ کی ہمشیرہ کو ان کے گھر سے گرفتار کر لیا۔
الخلیل کے جنوب میں واقع فوار کیمپ سے قابض فوج نے طالبہ جنى إحسان ابو وردہ کو گرفتار کیا، جبکہ طولکرم شہر کے مشرقی محلے میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر نوجوان لڑکی سندس لفداوی کو اغوا کر لیا گیا۔
یہ گرفتاریاں مغربی کنارے کے شہروں اور قصبوں میں قابض افواج کی جانب سے کی جانے والی ان مسلسل کارروائیوں کا حصہ ہیں جن میں شہریوں کے گھروں کی تلاشی اور توڑ پھوڑ کے ذریعے فلسطینیوں کو ہراساں کیا جاتا ہے۔