(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی انسانی حقوق کی تنظیموں نے تصدیق کی ہے کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جیلوں میں قید مزید تین فلسطینی اسیران شہید ہو گئے ہیں۔ شہداء میں ایمن عبد الہادی قدیح (56 سال)، بلال طلال سلامہ، اور محمد اسماعیل الاسطل (46 سال) شامل ہیں، تینوں کا تعلق غزہ سے تھا۔
ایمن قدیح کو 7 اکتوبر 2023 کو گرفتار کیا گیا اور 12 اکتوبر کو شہید کر دیا گیا، جبکہ دیگر دو اسیران مارچ اور فروری 2024 میں گرفتار ہوئے اور بالترتیب اگست 2024 اور مئی 2025 میں شہید ہوئے۔
ان شہادتوں کے بعد اسرائیلی جیلوں میں شہید ہونے والے فلسطینی قیدیوں کی تعداد 306 ہو گئی ہے، جن میں سے 44 کا تعلق غزہ سے ہے۔ تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے قیدیوں کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک منظم نسل کشی کے مترادف ہے، جس میں بھوک، تشدد، طبی غفلت اور جنسی زیادتی جیسے جرائم شامل ہیں۔
عالمی اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ان جرائم کی شفاف بین الاقوامی تحقیقات کریں اور مجرم صیہونی قیادت کو عدالت کے کٹہرے میں لائیں۔