(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) 23 ستمبر سے صیہونی افواج کے جنگی طیاروں نے لبنان کے کئی علاقوں، مشرقی لبنان میں وادی البقاع اور بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں پر حملے شروع کردیئے تھے۔ یہ حملے تاحال جاری ہیں۔
پرتشدد اسرائیلی حملوں میں بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں میں سے کئی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ چار میزائلوں نے جنوبی مضافاتی علاقے اللیلکی کو نشانہ بنایا۔ اس سے قبل حارہ حریک میں ایک اور حملے کیا گیا۔ ایک ڈرون نے الاوزاعی میں سابق ایرانی سفارت خانے کے قریب الجناح کے علاقے میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا۔
بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے الحدث میں ایک پرتشدد اسرائیلی حملے میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ لبنان میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ گروپ کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیل نے بدھ کے روز لبنان کے تاریخی ساحلی شہر ’’صور‘‘ پر حملوں کا سلسلہ شروع کیا۔
دریں اثنا بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے اب تک جنوبی لبنان کے شہر صور پر 6 حملے کیے ہیں۔ بدھ کے روز اسرائیلی فوج کی طرف سے شہریوں کو شہر کے بڑے حصوں کو خالی کرنے کا حکم دیا گیا جس کے بعد شہری صور سے نکل گئے۔ اس علاقے میں ہزاروں بے گھر افراد رہائش پذیر تھے۔ صور میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ یونٹ کے ڈائریکٹر مرتضی مھنا نے کہا کہ صورتحال بہت خراب ہے اور ہم آبادی کو نکال رہے ہیں۔