(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا ہے کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، دوریاستی حل فلسطینیوں پر ظلم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز کراچی میں بحریہ یونیورسٹی میں منعقدہ القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ القدس کانفرنس کا انعقاد دار خدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے کیا گیا تھا جس میں ہزاروں طلباء وطالبات اور اساتذہ اور دانشوروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ صیہونیوں نے امریکہ اور برطانیہ کی مدد سے فلسطین پر ناجائز صیہونی ریاست قائم کی اور فلسطین کے مقامی باشندوں کو گھروں سے اور وطن سے بے دخل کیا۔ لاکھوں فلسطینی آج بھی جلا وطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین ہمیشہ سے فلسطینیوں کی زمین ہے۔ سنہ1948ء سے پہلے فلسطین میں مسلمان، عیسائی، یہودی تمام فلسطینی حیثیت سے زندگی گذارتے تھے تاہم صیہونیوں کی ناجائز ریاست اور صیہونی مظالم نے فلسطینیوں کی نسل کشی کی۔
ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ ہمیشہ سے اہم ترین مسئلہ رہا ہے۔ مسئلہ فلسطین پوری انسانیت کا مسئلہ ہے۔غاصب صیہونی انسانیت کے دشمن ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ غزہ میں امریکی ایماء پر فلسطینیوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ عالمی ادارے خاموش تماشائی ہیں۔ عرب حکومتیں بھی امریکہ اور اسرائیل کی کاسہ لیسی کر رہی ہیں، حماس کے خلاف سازشوں کا بازار گرم کیا جا رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ان سب سازشوں کو بے نقاب کرتے رہنا ہو گا۔
ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ ایک طرف غزہ میں پچیس ہزار معصوم انسانی جانوں کا نقصان ہو چکا ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ حکومتی اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے دو ریاستی حل کی بات کی جا رہی ہے جو ایک طرف نظریہ پاکستان اور قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریہ سے انحراف ہے تو دوسری جانب فلسطینی عوام کے ساتھ ایک اور ظلم ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے۔ حکومت پاکستان کا دوریاستی حل کا موقف مسئلہ کشمیر کیلئے بھی نقصان دہ ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ امریکہ اور عرب حکومتوں کے حمایت یافتہ دو ریاستی حل میں نہ تو فلسطینی اپنی فوج رکھ سکتے ہیں اور نہ ہی اپنی کرنسی بنانے کا اختیار ہے تو پھر یہ کیسی ریاست ہو گی؟ ایسی کسی بھی ریاست کی بات کرنے سے پاکستان کے عزت اور وقار پر سوالیہ نشانہ اٹھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طلباء برادری کا فرض ہے کہ وہ پاکستان کے وقار اور عزت کے لئے میدان عمل میں آئے اور فلسطین کی حمایت ساتھ ساتھ نظریہ پاکستان کا دفاع کرے۔اس موقع پر اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن ڈاکٹر عمیر صدیقی، معروف صحافی سبط حسن، سید عدیل شاہ سمیت دار خدمت فاؤنڈیشن کے صدر شایان ستی اور دیگر بھی موجود تھے۔