(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی دعوت پر پاکستان آئے فلسطینی وفد نے کراچی کے علاقہ گلبرگ میں واقع جامع مسجد قباء کا دورہ کیا۔ مسجد میں نماز عشاء کی ادائیگی کے بعد نمازیوں سے مسئلہ فلسطین کی اہمیت پر خطاب کیا اور نمازیوں سے ملاقات کی۔
فلسطینی وفد کی قیادت سابق فلسطینی وزیر برائے ورزش و جوانان اور جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما سید حسین البرکہ کر رہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ فلسطینی محقق اور علمائے فلسطین کے صدر شیخ ادیب یاسر جی اور عالمی مہم برائے حق واپسی فلسطین کے صدر یوسف عباس سمیت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم بھی ان کے ہمراہ تھے۔
جامع مسجد قباء میں فلسطینی وفد کا استقبال جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، ممتاز حسین سیتو، مجاہد چنا او ر دیگر نے کیا۔
جامع مسجدقباء میں نمازعشاء کے بعد شیخ ادیب یاسر جی نے خطاب کیا اور مسئلہ فلسطین سے متعلق تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ عوام نے فلسطینی وفد کا نعروں کی گونج میں استقبال کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے عوام فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔