(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غاصب صیہونی فوج کے لڑاکا طیاروں نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے الكفاءات الحدث، الليلكي ،الشويفات، برج البراجنة، الغبيري سمیت دیگر کئی مقامات کو وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنایا۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے جنگی طیاروں نے۔جمعے کی شب سے آج صبح تک لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں الكفاءات الحدث، الليلكي ،الشويفات، برج البراجنة، الغبيري سمیت دیگر کئی مقامات کو وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد افراز شہید درجنوں زخمی اور لاکھوں بے گھر ہوگئے۔
غاصب صیہونی افواج نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے برج البراجنہ میں گنجان آباد شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے بعد بڑے پیمانے پر تباہی اور قتل عام کی اطلاعات ہیں اور لاکھوں افراد اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کررہے ہیں۔
اس سے پہلے قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ نے اطلاع دی تھی کہ صیہونی فوج کے جنگی طیاروں نے جنوبی مضافاتی علاقے پر 30 سے زیادہ حملے کیے ہیں۔ پے در پے بمباری میں الکافات، الشویفات، الحدث اور اللیلیکی علاقوں میں عمارتوں کو نشانہ بنایا۔
حزب اللہ نے غاصب صیہونی دشمن کے اس دعوے کی تردید کی کہ جنوبی علاقے میں جن عمارتوں پر بمباری کی گئی ان میں ہتھیاروں کے ڈپو موجود تھے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ”صہیونی دشمن کے اسلحے یا اسلحے کے ذخیرے کی شہری عمارتوں میں موجودگی کے جھوٹے دعووں میں کوئی صداقت نہیں‘‘۔