(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی مجاہدین نے غزہ میں النصیرات میں مختلف قسم کے فوجی ساز و سامان اور وسائل کے ساتھ پریڈ کی جبکہ پریڈ میں جنین کیمپ کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے جاری کر دہ رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں تحریک جہاد اسلامی کی فوجی شاخ سرایا القدس کی جانب سے 2002 میں قابض صہیونی فوج کے ساتھ مقبوضہ علاقے میں واقع جنین کیمپ میں ہونے والی جھڑپوں کی بیسویں سالگرہ کے موقع پرشہداء کی یاد میں غزہ میں فوجی نمائش کا انعقاد کیا جس میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی اور فوجی شاخ سرایا القدس نے بھرپور انداز میں طاقت کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر مجاہدین نے غزہ میں النصیرات علاقے کی سیکڑوں پر مختلف قسم کے فوجی ساز و سامان اور وسائل کے ساتھ پریڈ کی جبکہ پریڈ میں تحریک جہاد اسلامی نے صیہونی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں میں شہید ہونے والےفلسطینی شہداء کی تصاویر سے آراستہ پوسٹر ز کو بھی پریڈ میں شامل کیا اور ان کا خراج تحسین پیش کیا۔
سرایا القدس کی پیدل بریگیڈ، اسنائپر بریگیڈ اور میزائل و راکٹ بریگیڈ سمیت مختلف بریگیڈس کے کارنامے دکھائے گئے ساتھ ہی اس نمائش کے ذریعےصہیونی حکمرانوں کو کھلا پیغام دیاگیا کہ القدس میں کشیدگی بڑھانے کی صورت میں فلسطینی مجاہدین کا غاصبوں کے خلاف استقامت کا راستہ جاری رہے گا اور کسی بھی طور قابض ریاست یہ نہ سمجھے کہ صہیونی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اپریل 2002 میں فلسطینی مجاہدین اور صیہونی فوجیوں میں جنین کیمپ میں شدید جھڑپیں ہوئی تھیں جس میں درجنوں فلسطینی شہید ہوئے جبکہ جنین کیمپ کا ایک بڑا حصہ تباہ ہو گیا تھا۔ ان جھڑپوں میں 23 صیہونی فوجی زخمی ہوئے۔