(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی شہری کا کہنا ہے کہ یہ میرا گھر ہے جس کو تمام قانونی مراحل طے کرنے کےبعد تعمیر کیا گیا اسرائیل کو گھر مسمار کرنے نہیں دوں گا۔
صیہونی ریاستی دہشتگردی کا سامنا کرنے والے نہتے فلسطینی اپنی جوانمردی اور بہادری سے قابض صیہونی ریاست کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر گذشتہ 73 سالوں سے کھڑے ہیں اسرائیلی ریاستی دہشتگردی کے باوجود فلسطینیوں میں خوف نام کی چیزدیکھنےکو نہیں ملتی اور یہی قابض صیہونی ریاست کی کھلی شکست ہے، ایسی ہے جرات اور بہادری کی مثال گذشتہ روز دیکھنے کو ملی جب قابض صیہونی ریاست نے ایک مقبوضہ بیت المقدس کی البستان کالونی سے تعلق رکھنے والے فلسطینی یعقوب الرجبی کے گھر کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسمار کرنے کا نوٹس جاری کیا اور صیہونی بلدیہ نے احکامات دیئے کے 15 روز کے دوران اپنے گھر کو خود مسمار کردے بصورت دیگر اسرائیلی بلدیہ اس کی مسمار ی کرے گی اور اس پر آنے والے تمام اخراجات فلسطینی شہری سے وصول کیئے جائیں گے اور قید کی سزا بھی دی جاسکتی ہے۔
الرجبی کو مکان کی مسماری کے لیے دی گئی مہلت میں چند ہی دن باقی رہ گئے ہیں تاہم اس کا کہنا ہے کہ میں اپنا مکان اپنے ہاتھوں مسمار نہیں کروں گا، یہ میرا گھر ہے اور میں نے اسے بڑی محنت سے تعمیر کیا ہے۔ گھر کی تعمیر میں تمام قانونی تقاضے پورے کئے اور قانونی مراحل سے گزرنے کے بعد اس گھر کو تعمیر کیا گیا ہے اس نے کوئی جرم نہیں کیا اور نہ ہی کوئی غیرقانونی اقدام کیا ہے۔
واضح رہے کہ صیہونی حکام فلسطینیوں کو مقبوضہ بیت المقدس سے بے دخل کرنے کیلئے ظلم اور جبر کے تمام حربے استعمال کررہے ہیں صیہونی حکام فلسطینیوں کے گھروں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسمار کرنے کے احکامات دیتے ہیں اور حکم پر عمل نا کرنے کی صورت میں فلسطینیوں کو ریاستی دہشتگردی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔