(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) شیخ جراح میں متعدد فلسطینی خاندانوں کو اس علاقے سے بے دخل کرنے اور ان کے آبائی گھروں کو چھوڑنے کیلئے قابض صیہونی ریاست طاقت کا بھرپور استعمال کررہی ہے۔
قابض صیہونی حکام مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے الشیخ جراح سے فلسطینی باشندوں کو بے دخل کرنے اور علاقے کو مکمل طورپر ایک یہودی کالونی بنانے کیلئے طاقت کا بھرپور استعمال کررہی ہے، صیہونی ضلعی عدالت نے گذشتہ روز فیصلہ سنایا ہے کم سے کم اتوار تک چھ فلسطینی خاندانوں کو اس علاقے سے ہر صورت بے دخل ہونا پڑیگا۔
صیہونی ریاست کی جانب سے فلسطینیوں کو اس علاقے مشرقی شیخ جراح سے بے دخل کرنے کے خلاف متعدد فلسطینیوں نے اسرائیل کے نسل پرستانہ اورمجرمانہ اقدامات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے قابض فوج نے بھاری مقدار آنسو گیس پھینکی اور براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجےمیں دو فلسطینی شدید زخمی ہوگئے جبکہ قابض فوجیوں نے متعدد کو گرفتارکرلیا۔
قابض فوج نے گرفتار فلسطینی باشندوں جو اپنے حقوق کیلئے احتجاجی مظاہرہ کرہے تھے ان پر کم سے کم 10 ہزار شیکل (اسرائیلی کرنسی ) جرمانہ اور کم سے کم 6 ماہ کی قید کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ قابض صیہونی ریاست کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے الشیخ جراح کے قریب قائم غیر قانونی صیہونی بستیوں جس میں (شمعون ہتصادق شامل ہیں ) کو توسیع دینے اور پورے علاقے کو ایک یہودی کالونی کی شکل دینے کیلئے وہاں موجود عربوں کو علاقے سے بے دخل کرنے کیلئے بھرپور طاقت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔