(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) دہلی میں موجود اسرائیلی سفارتکار کے مطابق اب تک شمالی بھارت میں 120 اسرائیلی شہری رابطے میں نہیں ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کےمطابق اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اعتراف کیا گیا ہے کہ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں موجود غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے سفارت خانے کے مطابق شمالی بھارت میں شدید مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد 120 اسرائیلی شہریوں سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ، سفارتخانہ اور دیگر حکام لاپتہ شہریوں سے رابطے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بیرون ملک موجود اسرائیلیوں کی مدد کیلئے قائم محکمے کو پچھلے چند گھنٹوں کے دوران لاپتہ ہونے والے شہریوں کے متعلق کئی انکوائریاں موصول ہوئی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ دہلی میں واقع قونصل خانہ کے مطابق اس کی وجہ خراب موسم کے باعث مواصلاتی نظام میں خرابی ہے، متعدد علاقوں میں سگنلز نہیں آرہے ہیں۔
اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا کہ دیگر تمام فریقین کے ساتھ اسرائیلی سیاحوں سے رابطے کی کوشش کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ بھارت کے شمال میں جاری شدید سیلاب سے درجنوں افراد ہلاک ہوئے، کئی پُل تباہ ہوچکے، سڑکیں بلاک اور عمارتیں ٹوٹ گئی ہیں۔