(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) تحریک انصار اللہ یمن نے کہا ہے کہ صیہونی فضائی دفاعی نظام اور امریکہ کی ہرطرح کی مدد کے باوجود یمن دشمن کو ہدف بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصار اللہ یمن نے معروف امریکی جریدے وال اسٹریٹ جنرل کی متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے صیہونی فضائی دفاعی نظام کی خریداری پر اپنے سخت ردعمل میں کہا ہے کہ فضائی دفاع کا جو نظام متحدہ عرب امارات نے حالیہ دنوں میں صیہونی حکومت سے خریدا ہے، یمن کے اقتصادی محاصرے اور حملے جاری رہنے کی صورت میں وہ بھی ابوظہبی کو بچا نہیں پائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
مسجد اقصیٰ کو یہودیانے کی صہیونی دشمن کی تمام مکروہ چالیں ناکام ہو رہی ہیں، شیخ عکرمہ صبری
بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی فضائی دفاعی نظام اور امریکہ کی ہرطرح کی مدد کے باوجود یمن دشمن کو ہدف بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وال اسٹریٹ جنرل نے اپنے آگاہ ذرائع کے حوالے سے خبر دیتے ہوئے بتایا تھا کہ اسرائیلی اسلحہ ساز کمپنیاں 3 بلین ڈالر سے زیادہ مالیت کا معاہدہ متحدہ عرب امارات، بحرین اور مراکش سے کرچکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صیہونی کمپنیوں نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ساتھ فضائی دفاعی نظام کی فراہمی کا معاہدہ کیا ہے اور اسی طرح صیہونی ڈرون کی تیاری کے ایک پلانٹ کا معاہدہ مراکش کے ساتھ بھی انجام دیا گیا ہے۔