(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ صیہونی وزیرخارجہ آئندہ ہفتے متحدہ عرب امارات کا باضابطہ دورہ کریں گے، يائير ليپداسرائیل کے امارات کے ساتھ تعلقات بحال ہونے کے بعد پہلے وزیر ہیں جو اسرائیل کا سرکاری دورہ کریں گے۔
صیہونی وزیرخارجہ آئندہ بدھ کے روز متحدہ عرب امارات پہنچیں گے جہاں وہ ابو ظہبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید سے ملاقات کے بعد اماراتی دارالحکومت میں اسرائیلی سفارت خانے کے علاوہ دبئی میں قونصل خانے کا بھی دورہ کریں گے۔
متحدہ عرب امارات کے دوراہ کے حوالے سے یائر لیپد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور امارات کے درمیان خاص رشتہ ہے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے ثمرات نہ صرف دونوں ممالک کے شہریوں ہی نہیں بلکہ پورے مشرق وسطیٰ کی ترقی کا باعث بنیں گے۔
واضح رہے کہ معاہدہ ابراہم کے تحت "متحدہ عرب امارات پہلا ملک تھا جس نے قابض صیہونی ریاست کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے پر اتفاق کیا تھا، اس معاہدے کے تحت بحرین، مراکش اور سوڈان نے بھی قابض ریاست کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے معاہدے کیئے تھے۔