(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) دنیا بھر میں مقبول ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے عدالت میں جمع کرائی گئی اپنی شکایت میں اسرائیلی کمپنی ‘این ایس او کو 21ویں صدی کا غیر اخلاقی کرائے کا فوجی قرار دیاہے۔
عالمی نشریاتی ادارے کے مطابق گذشتہ روز معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی جانب سے اسرائیلی کمپنی ‘این ایس او’پر جاسوسی سافٹ ویئر ‘پیگاسس’بنانے اور اس کی مدد سے صارفین کی ڈیوائسز کو ہیک کرکے انہیں مشکلات میں ڈالنے پر کمپنی کے خلاف مقدمہ کیا گیا ہے۔
امریکی وفاقی عدالت میں دائر کی گئی ایک قانونی شکایت میں ایپل نےاین ایس او کو 21ویں صدی کا غیر اخلاقی کرائے کا فوجی قرار دیاہےاور کہا ہے کہ اسرائیلی کمپنی این ایس او نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سائبر سرویلنس ٹیکنالوجی کا استعمال کیااور مبینہ طور پرسیاسی رہنماؤں اور صحافیوں کے فون ہیک کیے۔
خیال رہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کچھ ماہ قبل ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ اسرائیلی کمپنی کے جاسوسی کے سوفٹ ویئر پیگاسس کے ذریعے دنیا بھر میں کم ازکم 50 ہزار افراد کی مبینہ جاسوسی کی گئی جبکہ جاسوسی کا دائرہ کم ازکم 50 ممالک تک پھیلا ہوا تھا، اس رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد بعد امریکا نےبھی اسرائیلی کمپنی سےتعلقات محدود کرتے ہوئے اسرائیلی کمپنی پر تجارتی پابندی لگادی تھی۔