(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ فلسطین میں قابض صہیونی آبادکار زبر دستی فلسطینیوں کے گھروں پر قبضہ کرتے ہیں جس پر قانون نافذ کر نے والے اداروں کی جانب سےفلسطینیوں کی کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو جس میں قابض ریاست اسرائیل میں فلسطینی باشندوں پرمسلط صہیونی شر پسند آبادکاروں کے ایک رکن نے شرانگیز عناصر کی ویڈیو بنانے کی پاداش میں 22سالہ فلسطینی لڑکی جس کا نام مونا بتایا جاتا ہےکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں تمہارے گھر پر قبضہ نہیں کرتا تو کوئی اور کرلیتا۔
ویڈیو کے منظر عام پر آنے سےاس بات کا ثبوت ملتا ہے کہ قابض ریاست میں روزانہ کی بنیادپرغاصب صہیونی حکام کی سر پرستی میں شر پسند عناصر کس طرح فلسطینیوں کی زندگیوں کو مشکل بنائے ہوئے ہیں اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کس طرح لوٹے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ چند برسوں سے اسرائیلی حکومت نے فلسطین میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زمین کے اصل حقدار فلسطینیوں کو نکال کر تیزی سے یہودیوں کو بسانے کا عمل شروع کردیا ہےجس کے باعث مقبوضہ فلسطین میں صہیونی آباد کاروں کی تعداد لاکھوں میں ہو گئی ہے۔