(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قیدی کلب کے مطابق ھشام ابو ھواش مسلسل بھوکے رہنے کی وجہ سے وہیل چیئر پر آگئے ہیں تاہم اپنی رہائی تک احتجاج جاری رکھنے کے فیصلے پر قائم ہیں۔
قابض صہیونی ریاست اسرائیل میں فلسطینی اسیروں کے امور سے متعلق کمیٹی قیدی کلب نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ صہیونی زندان میں قید فلسطینی شہری ھشام ابو ھواش اپنی غیر قانونی انتظامی حراست کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال پرتاحال قائم ہیں جس کی مدت میں اضافہ ہوتے ہوئے 113 روز گذرچکے ہیں البتہ اس احتجاجی بھوک ہڑتال کے خاتمے کیلیے قابض حکام نے ابھی تک فلسطینی کی رہائی کے کسی قسم کے احکامات جاری نہیں کیے ہیں جس کےنتیجے میں ابو ھواش کی حالت انتہائی خطرےسے دوچار ہے اور ان کے جسم کے اہم حصوں نے کام کر ناچھوڑ دیا ہے۔
قیدی کلب کے مطابق ابو ھواش کے وکیل کی بھر پور کوشش ہے کہ صہیونی عدالت ھشام کی صحت کے حالات کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی رہائی کے احکامات جاری کر دے اس کے لیے انہوں نے اب تک کئی درخواستیں پیش کیں ہیں تاہم ان درخواستوں پر تاحال فیصلے کی کوئی صورت سامنے نہیں آسکی ہے۔