(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) گذشتہ اپریل میں اسرائیلی فوج کے اس خفیہ یونٹ کے قیام کی اطلاعات تھی جس کا مقصد سادہ لباس میں فلسطینیوں کے درمیان رہ کر ان کو اغواء کرنا اور انھیں لاپتہ کردینا ہے جس کی کوئی رپورٹ بھی نہیں کی جاسکتی۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ ایک اسرائیلی فوج کے خفیہ یونٹ "مستاراویم”کے سادہ لباس اہلکاروں نے گذشتہ رات مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے میں رات گئے کارروائی کرتےہوئے تین فلسطینی نوجوان 21 سالہ رامی صلاح دین، 22 سالہ لوئی کسوانی اور 25 سالہ عبداللہ ہادرا کو ان کے گھروں سے اغوا کرکے نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پولیس کے سادہ لباس خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے تینوں نوجوانوں کو گھروں سے نکال کر آنکھوں پر پٹیاں باندھیں اور پھر کمر پر ہاتھ باندھ کر اپنے ہمراہ لے گئے، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سادہ لباس اہلکار جدید اسلحہ سے لیس تھے جبکہ چہروں پر نقاب لگائے ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ حالیہ چند ماہ کے عرصے میں صیہونی فوج کی خفیہ اسپیشل فورس یونٹوں نے مقبوضہ مغربی کنارے سمیت مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کے خلاف اپنی غیر قانونی سرگرمیاں بڑھا دی ہیں، یہی یونٹ مطلوب فلسطینی مزاحمتی اراکین کی گرفتاری اور ان کے قتل کا بھی ذمہ دار ہے۔