(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی نوجوانوں نے مسجد کے صحنوں سے صہیونی شرپسندوں کونکالنے کی کوشش کی جس کےنتیجے میں صہیونی فوج نے فلسطینیوں پر ربر کی گولیاں برسائیں اور انہیں منتشر کرنے کے لیے شدید آنسو گیس شیلنگ کی۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز قابض ریاست میں صہیونی انتہاپسندوں کی جانب سے مسجد اقصٰی کی بے حرمتی کی گئی اور صہیونی آباد کاروں سمیت درجنوں پولیس اور فوجی اہلکار مسجد میں جوتوں سیت داخل ہوگئے۔
قابض سیکیورٹی اہلکاروں کی نگرانی میں صہیونی شر پسند عناصر نے مسجد کے صحنوں میں آزادانہ چکر لگائے اور مقدس مقامات کی بےحرمتی کی جبکہ فلسطینی عبادت گزاروں کے خلاف مذہبی ہتک آمیز جملوں کے ذریعے فلسطینیوں کو مذہب کے نام پر اشتعال دلانے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں صہیونی آباد کاروں اور فلسطینی نوجوانوں کے مابین زبردست جھڑپوں کاآغاز ہوا اور دونوں جانب سے پتھراؤ کیا گیا۔
فلسطینی نوجوانوں نے مسجد کی بےحرمتی کر نے والےصہیونی آباد کاروں کو مسجد کے صحنوں سے باہر نکالا جس کے بعد صہیونی فوج نے آباد کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہوئے فلسطینیوں پر ربر کی گولیاں برسائیں اور انہیں منتشر کرنے کے لیے شدید آنسو گیس شیلنگ کی۔
قابض فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں کم سے کم 16فلسطینی شدید زخمی ہوگئے جنہیں اپنی مدد آپ کے تحت فلسطینیوں نےہسپتال منتقل کر دیاجہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔