(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مسجد اقصیٰ میں القبلی جائے مصلی پر صہیونی پولیس کے پرتشدد چھاپوں میں درجنوں مسلمان عبادت گذار زخمی ہوئے جبکہ سینکڑوں کو صہیونی سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کیا۔
قبلہ اول مسجد اقصیٰ کے خطیب و امام اور مقبوضہ فلسطین کے اسلامک شعار کی فلسطین سپریم کونسل سربراہ الشیخ عکرمہ صبری نے صہیونی دشمن کی جانب سے قبلہ اول پر روزانہ کی بنیاد پر ہونےوالے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں ’’مسلمان عبادت گذاروں کے خلاف صہیونی ریاستی مشنیری کے بار بار حملے دراصل مسجد اقصیٰ کو یہودی رنگ میں رنگنے کے ناکام منصوبے کا حصہ ہے‘‘۔ انہوں نے فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ ان منصوبوں کا بھرپور مقابلہ کریں۔
انھوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ میں عباد ت میں مصروف مسلمانو ں پر باربار حملے صہیونی دشمن کی بوکھلاہٹ ہے، یہ ثبوت ہے کہ صہیونی دشمن اپنے مذموم مقاصد اور طاقت کے بھرپور استعمال کے باوجود فلسطینیوں کو قبلہ اول کے دفاع سے پیچھے کرنےمیں ناکام ثابت ہورہاہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں مسجد اقصیٰ میں القبلی جائے مصلی پر اسرائیلی پولیس کے پرتشدد چھاپوں میں درجنوں مسلمان عبادت گذار زخمی ہوئے جبکہ سینکڑوں کو صہیونی پولیس نے گرفتار کیا۔
مقبوضہ بیت المقدس سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی پولیس نے مسلمان عبادت گذاروں کو زد وکوب کیا۔ انہیں مسجد سے باہر نکالنے کے لیے اشک آور گیس کے شیل اور حواس باختہ کرنے دینے والے سٹن گرینڈ بڑی تعداد میں فائر کئے گئے۔
فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے بتایا کہ اسرائیلی چھاپے کے بعد شروع ہونے والی جھڑپوں میں کم سے کم 12 فلسطینی شہری زخمی ہوئے۔
ادھر اسرائیلی پولیس کے حفاظت میں درجنوں یہودی آبادکاروں نے مسجد الاقصیٰ پر ہلہ بولا اور علی الصباح مسجد کے صحن میں مٹر گشت کرتے ہوئے اس مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کرتے رہے۔