(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) آج پیر کے روز غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فورسز کی فائرنگ سے رام اللہ کے شمال میں واقع جلزون پناہ گزین کیمپ میں تین فلسطینی نوجوان زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع نے فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کو بتایا کہ غیر قانونی صیہونی فورسز نے کیمپ پر اچانک یلغار کی، جس کے دوران ایک نوجوان کو پیٹ میں گولی ماری گئی جب کہ دو دیگر نوجوان بازو اور ٹانگوں میں گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
صبح سویرے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج نے مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور دیہات میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔ اس دوران رام اللہ کے مشرق میں واقع گاؤں کفر مالک سے ایک فلسطینی شہری اور اس کے دو بیٹوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
صیہونی افواج نے قراوہ بنی حسن کے داخلی راستے پر اور سلفیت کے مغرب میں بروقین کے داخلی راستے پر بھی فوجی چوکیاں قائم کر کے شہریوں کی گاڑیاں روکیں اور ان کے شناختی کارڈز کی سخت جانچ پڑتال کی۔
مغربی کنارے میں صیہونی مظالم میں خطرناک اضافہ
جب سے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر جنگ مسلط کی ہے، تب سے صیہونی فوج اور آبادکاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے بشمول مشرقی بیت المقدس میں اپنی کارروائیاں اور حملے شدت سے بڑھا دیے ہیں۔ فلسطینی حکام کے مطابق، اب تک ان حملوں کے نتیجے میں 947 سے زائد فلسطینی شہید، تقریباً 7,000 زخمی اور 16,400 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔