غزہ ۔ روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ
غزہ میں مزاحمتی سکیورٹی فورسز نے خبردار کیا ہے کہ قابض اسرائیل رفح کے علاقے میں مجاہدین کی منتخب اور منظم شدہ تصاویر عام کر رہا ہے، جس کا مقصد ایک خیالی کامیابی کا تاثر پیدا کرنا اور اپنے میدانی و خفیہ ناکامیوں کو چھپانا ہے۔
مزاحمتی فورسز نے مرکزاطلاعات فلسطین کو جاری بیان میں کہا کہ قابض اسرائیل کا یہ میڈیا حربہ اس کے سکیورٹی اداروں میں پیدا شدہ الجھن اور بے ترتیبی کی عکاسی کرتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی دعووں اور رفح میں حقیقی صورتحال کے درمیان وسیع تضاد موجود ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ قابض اسرائیل باوجود اپنے دعووں کے کہ اس نے وسیع میدانی کنٹرول حاصل کر لیا ہے، مجاہدین کی تعداد یا ان کے ٹھکانوں کا تعین کرنے میں ناکام رہا، جسے "واضح خفیہ اور میدانی ناکامی” قرار دیا گیا۔ مجاہدین کا ثابت قدم رہنا اور نہ پیچھے ہٹنا، یا خود کو گرفتار نہ کروانا، اسرائیلی خفیہ نظام کے لیے ایک "براہِ راست جھٹکا” ثابت ہوا۔
مزاحمتی فورسز نے کہا کہ قابض اسرائیل نے مجاہدین کی خوراک کی ضرورت کو انہیں بہکانے یا نشانہ بنانے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی، جسے اس نے اسرائیلی فوج کی "اخلاقی اور عملی ناکامی” قرار دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ قابض اسرائیل کی شائع کردہ تصاویر کسی حقیقی ميدانی طاقت کی نمائندگی نہیں کرتیں، بلکہ اس کے مجاہدین تک رسائی میں ناکامی کو چھپانے کے لیے استعمال ہوتی ہیں، جو محصور رہتے ہوئے غذا اور دوائی کی کمی کے باوجود اپنی پائداری برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
مزاحمتی فورسز نے اپنے عوام سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی اسرائیلی میڈیا مواد کو نہ پھیلائیں، کیونکہ یہ ایک منظم نفسیاتی مہم کا حصہ ہے جو اندرونی محاذ کو نشانہ بناتی ہے اور قابض اسرائیل کی ناکامی کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔