(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ترک وزیرخارجہ نے مسجد اقصیٰ میں فلسطینی عبادت گزاروں پر اسرائیلی فوج کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ جو بھی تشدد اور ظلم کا بیج بوتا ہے وہ امن و سکون کا فائدہ نہیں اٹھا سکتا۔
ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اوغلو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسجد اقصیٰ میں فلسطینی عبادت گزاروں اور مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے الشیخ جراح میں صیہونی ریاست کی سیکیورٹی فورسز کے حملوں پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت سے متعدد فلسطینی زخمی ہوئے اور قبلہ اول کا تقدس پامال ہوا ہے ۔
انھوں نے صیہونی ریاست کو مخاطب کرتےہوئے کہا ہے کہ جو بھی تشدد اور ظلم کا بیج بوتا ہے وہ امن و سکون کا فائدہ نہیں اٹھا سکتا، صیہونی ریاست کی جانب سے قبلہ اول میں معصوم نمازیوں کو نشانہ بنانا غیر انسانی ہے اور ناقابل قبول ہے۔
انھوں نے اسرائیلی حملوںمیں زخمی ہونے والے فلسطینیوں بھائیوں اور بہنوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی ہمیشہ ہمیشہ فلسطینی عوام کے بر حق دعویٰ کی حمایت جاری رکھیں گے۔