(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) عادل العسومی نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ مرکزی اور کلیدی قضیہ ہے جس کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق گذشتہ روز مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں عرب لیگ کے جنرل سیکرٹریٹ کے صدر دفتر میں منعقدہ اجلاس میں عرب پارلیمنٹ کے اسپیکر عادل العسومی نے تیسری قانون سازی کی مدت کے دوسرے سیشن کے آغازمیں فلسطینی کازکے لیے اپنی مضبوط اور مستقل حمایت جاری رکھنے کےعزم کا اعادہ کیا۔
العسومی نے کہا کہ عرب پارلیمنٹ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر سے خطاب کر کے فلسطینی کاز کی حمایت میں بین الاقوامی تحریک جاری رکھے ہوئے ہےاور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق، بین پارلیمانی یونین کے صدر، علاقائی پارلیمانوں کے سربراہوں اور یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل سے مسئلہ فلسطین پر تفصیلی بات کی ہے جس میں بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ اور الخلیل میں مسجد ابراہیمی میں اسرائیلی قابض طاقت کے جرائم اور منظم خلاف ورزیوں کا نوٹس لیاہے۔